سکیورٹی معاملات پر مذاکرات کیلئے ایرانی وزیر داخلہ اسلام آباد پہنچ گئے
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) ایرانی وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی سکیورٹی کے معاملات پر بات چیت کیلئے پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ وزارت داخلہ کے قائم مقام سیکرٹری امتیاز تاجور نے نور خان ائر بیس پر انکا استقبال کیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وہ وزیراعظم نوازشریف اور وزارت خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز اور وزیر داخلہ چودھری نثار سے دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کرینگے۔ اعلیٰ فوجی حکام سے بھی ملاقات کی توقع ہے۔ بات چیت میں سکیورٹی معاملات زیرغور آئینگے جس میں مشترکہ سرحد پر سکیورٹی بہتر بنانے پر خصوصی بات چیت ہوگی۔ ایرانی وزیر داخلہ وزیراعظم نوازشریف کے تہران کے دورے سے چھ دن پہلے اسلام آباد آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم 11 اور 12 مئی کو ایران کا سرکاری دورہ کریں گے۔