• news

ایشین گیمز کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں شروع

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) 19 ستمبر سے جنوبی کوریا کے شہر انچیئن میں منعقد ہونے والی ایشین گیمز 2014ء کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ کا پہلا مرحلہ پیر کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے نصیر بندا ہاکی سٹیڈیم میں شروع ہو گیا۔ پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی نے ملک کے پانچ مختلف شہروں کوئٹہ، کراچی، لاہور،پشاور اور بہاولپور میں اوپن ٹرائلز کے دوران 660 کھلاڑیوں کے ٹرائلز لئے جن میں سے 37 کھلاڑیوں کو قومی تربیتی کیمپ کیلئے منتخب کیا گیا۔ منیجر و ہیڈکوچ اولمپئن شہناز شیخ نے بتایا کہ 37 میں سے 35 کھلاڑی رپورٹ کر چکے ہیں۔ عبدالحسیم خان انٹرنیشنل جرمنی میں ہاکی لیگ کھیلنے کے باعث ابھی رپورٹ نہیں کر سکے جبکہ واپڈا کے فل بیک خالد بھٹی نے کیمپ نہ جوائن کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

ای پیپر-دی نیشن