• news

نیوائرپورٹ کیلئے سڑک، ایک کلومیٹر پر سوا ارب لاگت کیسے آ سکتی ہے : پی اے سی

اسلا م آباد(آن لائن+نوائے وقت رپورٹ)قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ شاہین ائیرلائنزکے ذمہ 1ارب12کروڑ روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیںجس پرکمیٹی نے واجبات کی وصولی تک ائیرلائن کی پروازیں روکنے کی ہدایت کردی جبکہ کمیٹی کے چیئرمین سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ آج غریبوں کو دو وقت کی روٹی اور اسپرین بھی میسر نہیں اور ائیرپورٹ کو آئندہ  30 برس کو سامنے رکھ کر اربوں روپے سے بنایا جارہا ہے،قوم پر رحم کرنا چاہئے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ائیرپورٹ کی رابطہ سڑکوں پر 30ارب روپے خرچ ہوں گے جس پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبہ سرے سے ہی غلط بنایا گیا،سڑکیں اور پانی دستیاب نہ ہونے پر بھی ائیرپورٹ مکمل کرلیا گیا،سارا چکر زمینوں کی خریداری میں تھا جس میں مال بنایا گیا،کمیٹی نے زمینوں کی خریداری ومالکان کی تفصیلات طلب کرلیں۔ایف آئی اے کو ہدایت کی گئی کہ ائیرپورٹ کے معاملے کی تحقیقات جلد مکمل کرکے رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جائے،کمیٹی نے اضافی رن وے پر کام روکنے اور سڑکوں کی تعمیرات پر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی(این ایچ اے) سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کرلیا۔نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے حکام نے بتایا کہ نئے ائیرپورٹ نیو بے نظیر ائیرپورٹ میں700 ایکڑ کا رقبہ کمرشل سہولیات مثلاً ریسٹورنٹس اور ہوٹل کیلئے مختص کیا جائیگا،ائیرپورٹ پر2رن ویز بنائے جارہے ہیں تاہم ایک اضافی ٹیکسی وے کی تعمیر اضافی طور پر کرلی گئی جس کی کوئی خاص ضرورت نہیں تھی۔مسافروں کے ٹرمینل بلڈنگ کا93فیصد کا دوسرے مرحلہ میں مکمل کرلیاگیا ہے جبکہ ائیرپورٹ پر لائٹس کا کام 95فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ خورشید شاہ نے کہا منصوبہ کا تخمینہ100ارب روپے لگایا گیا ہے جس میں سے30ارب روپے تو صرف متعلقہ شاہراؤں پر لگایا جائیگا،اس سے تو منصوبہ کی لاگت 150ارب روپے سے تجاوز کرجائیگی،یہ عوام کا پیسہ ہے لوٹ کا مال نہیں تھوڑا سا اس قوم پر رحم کرنا چاہئے،کیسے فی 1کلومیٹر شاہراہ کی تعمیر پر سوا ارب روپے کی لاگت آسکتی ہے،اتنی لاگت تو شاید موجودہ دور میں موٹروے کے ایک کلومیٹر کی تعمیر پر بھی نہیں آئیگی،کلومیٹر سڑک کا اتنا خرچ تو جاپان میں بھی نہیں ہوا۔ بینظیر ائرپورٹ دنیا کا 9 واں عجوبہ ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن