پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری میں کرپشن روکنے کا ٹاسک خفیہ ایجنسیوں کو دیدیا
لاہور (ثناء نیوز) حکومت پنجاب نے خفیہ ایجنسیوں کو سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کے دوران کسانوں سے رشوت لینے اور بدعنوانیوں میں ملوث محکمہ خوراک کے افسران وملازمین کو فی الفور نوکریوں سے نکالنے اور ان کے خلاف مقدمات درج کرنے کیلئے خصوصی ٹاسک دیدیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گندم کو سرکاری گوداموں تک لانے اور ان کی خریداری کے دوران کسانوں اور حکومت کو کرپشن و مالی بدعنوانیوں کے ذریعے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والے محکمہ خوراک کے اعلی افسران، فوڈ انسپکٹرز، سپروائزر سمیت دیگر کرپٹ عملے کو خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹ پر نوکریوں سے فارغ کیا جائیگا جبکہ ایسے افسران و ملازمین کو فی الفور نوکریوں سے فارغ کرنے کے ساتھ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔ اس حوالے سے خصوصی سیل قائم کر دیا گیاہے۔