• news

بھلوال: سکول وین میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی، ڈرائیور سمیت 9طلبہ جھلس کر زخمی

بھلوال +لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر)  نواحی قصبہ للیانی سے بھلوال آنے والی سکول وین میں وائر سرکٹ شارٹ ہونے کے باعث آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 9 طلبا جھلس کر زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ تین مقامی سکولوں کے طلباء کو لیکر کیری ڈبہ وین ایل ایکس ایف6068 بھلوال آرہی تھی، جب پل نہر سلیمانپورہ کے قریب پہنچی تو وائر سرکٹ شارٹ ہونے کے باعث اس میں آگ  لگ گئی، جس کے نتیجے میں لائبہ، عائشہ، کششم، سائزے، سعد امجد، زینب، رمشاء اور سکول وین کے ڈرائیور عمران سمیت 9  افراد زخمی ہوگئے  جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال بھلوال لے جایا گیا جبکہ دو شدید زخمی طالبات کو سرگودھا ڈسٹرکٹ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ دیگر زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھلوال کے قریب سکول وین میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ آتشزدگی سے زخمی ہونے والے بچوں کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن