خیبر ایجنسی : نامعلوم افراد کے حملے میں2 نیٹو کنٹینر تباہ،2 ڈرائیور جاں بحق، 2 اغوا
جمرود (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) خیبر ایجنسی کے علاقے جمرود وزیر ڈھنڈ میںنیٹو ٹرالروں پر نامعلوم افراد نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا جس سے دو ڈرائیور جاں بحق دو گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ اور مقامی عینی شاہدین کے مطابق خیبرایجنسی کی تحصیل جمرود کے علاقے کارخانوں چیک پوسٹ کے نزدیک وزیر ڈھنڈ میں صبح 9 بجے نامعلوم مسلح افراد نے تین نیٹو ٹرالرز پربھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کردی۔ ٹرالر زپر نیٹو فورسز کیلئے فوجی گاڑیاں لدی تھیں، حملہ آوروں نے دو گاڑیوں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس سے گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ ایک کو جزوی نقصان پہنچا۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ جمرود روشن خان محسود نے بتایا کہ حملے میں دو ڈرائیور طارق خان اور رحمان علی جاں بحق ہوگئے جن کی نعشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ حملے کے بعد علاقے کو خاصہ دار فورس اور سیکورٹی فورسز نے گھیرے میں لیکر فائر بریگیڈ طلب کرلیا اور پاک افغان شاہراہ کو دوگھنٹے ہر قسم کے ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ ریسکیو آپریشن کے بعد آگ پر دو گھنٹوں میں قابو پالیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے دوران خاصہ دار فورس نے جوابی فائرنگ کردی جس سے حملہ اور فرار ہوگئے اورایک ٹرالر کو نقصان سے بچالیا۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں کوئی شخص بھی لاپتہ نہیں تاہم عینی شاہد نے بتایا کہ حملے میں دو ڈرائیوروں کو حملہ آور اپنے ساتھ لے گئے۔