’’حکومت میں رہیں یا نہیں‘‘ جمعیت علماء اسلام ف آج حکومت کو ڈیڈ لائن دیگی
اسلام آباد (آن لائن) ’’حکومت میں رہیں یا نہیں‘‘ اتحاد برقرار رکھنے کیلئے حکومت کو آج ڈیڈ لائن دی جائیگی، تحفظات دور نہ ہوئے تو اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا قوی امکان ہے، جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مجلس عاملہ کا اجلاس مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت جاری ہے، تحفظ پاکستان بل، قومی داخلی سلامتی پالیسی، بطور اتحادی جماعت اہم قومی معاملات اور حکومت طالبان مذاکرات پر اعتماد میں نہ لینے پر جے یو آئی (ف) کی مجالس عاملہ میں غم و غصے کا اظہار کیا ہے، اگر حکومت اعتماد میں نہیں لیتی تو اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا جائے۔ ملی یکجہتی کونسل میں فعالیت اور 11 مئی کو ہونے والے اپوزیشن کے احتجاج کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جبکہ ترجمان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان آج کیا جائیگا۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ اور پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس امیر جمعیت مولانا فضل الرحمن کی زیر صدارت اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے جو دو روز تک جاری رہے گا۔