چیف جسٹس کا الیکشن سے واسطہ نہیں ہوتا، عمران نے بے بنیاد الزامات لگائے: جسٹس (ر) افتخار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے الیکشن میں دھاندلی سے متعلق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹرننگ افسروں کا تقرر الیکشن کمیشن کرتا ہے، چیف جسٹس سپریم کورٹ کا انتخابات سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا، فضول باتوں کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا، عدلیہ پہلے بھی انصاف کیلئے کام کرتی رہی ہے، آئندہ بھی سلسلہ برقرار رہے گا۔ گزشتہ روز اسلام آباد بار ایسوسی ایشن سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کے الزامات کو درست نہیں مانتے اور نہ ہی ان کا جواب دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں فوج اور عدلیہ کا کردار واضح ہے اور انہیں یقین ہے کہ اداروں میں تصادم نہیں ہوگا۔ سابق چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کو بھی عدلیہ اور فوج سے متعلق بات نہیں کرنی چاہئے، عدلیہ کی کوشش ہے کہ ملک میں انصاف کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت کی مضبوط بنیاد رکھی جا چکی، اسے اب کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور دفاع دو اہم ادارے ہیں، ان میں تصادم کی بات نہیں کرنی چاہئے، عدلیہ ملک کا اہم ستون ہے اس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ سابق چیف جسٹس نے کہاکہ عدلیہ کے ممبران کا کام ملک میں احتساب کا نظام قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ ایف ایٹ سانحے کے شہدا کے لواحقین کو مالی امداد ملے۔