• news

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے جلد بین الاقوامی کانفرنس بلائینگے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ اقوام عالم نے کشمیریوں سے عہد کررکھا ہے کہ وہ انکو حق دلائیگی۔ امریکہ یورپ سمیت پوری دنیا اس میں شریک تھی۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کشمیر پر اپنا موقف بیان کیا تو پوری قوم نے پذیرائی دی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم کی مسئلہ کشمیر سے وابستگی شک وشبہ سے بالاتر ہے۔ 2014ء کے بعد پاکستان اپنے مسائل سے نکل آئیگا اور کشمیر کی آزادی کیلئے یکسوئی سے کردار ادا کرسکے گا۔ کشمیر امریکن کونسل کے صدر ڈاکٹر امتیاز بٹ کے ہمراہ وفد سے منصورہ میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ ڈاکٹر غلام بنی فائی نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں سرتوڑ جدوجہد کی ہے انکو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے جائز حق کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی مسئلہ کشمیرکو محض سیاسی ایجنڈا خیال نہیں کرتی بلکہ اس کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتی ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ مظلوم لوگوںکو ظالموںکے ظلم سے نجات دلانا سب سے بڑا جہاد اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے، جماعت اسلامی کشمیریوںکے دکھ کو اسی طرح محسوس کرتی ہے جس طرح ایک کشمیری اپنے اوپر ہونیوالے ظلم کو محسوس کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیرکی آزادی کیلئے ٹھوس جامع اور متفقہ پالیسی اختیار کرنا وقت اور حالات کا تقاضا ہے۔ آن لائن کے مطابق سراج الحق نے کہا کہ اقوام عالم میں مسئلہ کشمیر پر راہ ہموار کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اجاگر کرنے کیلئے جلد بین الاقوامی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا۔ دنیا بھر کے سفارتخانوں میں کشمریوں کو مبصر کے طور پر تعینات کیا جائے، حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ کشمیر پر اپنے دیرینہ مؤقف سے دستبردار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ میں جلد وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کرونگا اور جماعت اسلامی کوشش کریگی کہ وزیراعظم نوازشریف کو اس بات پر قائل کیا جائے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے تحت ہی مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن