• news

ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے مشرف کی درخواست پر سماعت 13مئی تک ملتوی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ نے ای سی ایل میں نام درج ہونے کے خلاف پرویز مشرف کی درخواست کی سماعت13 مئی تک ملتوی کر دی، پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے دلائل مکمل کر لئے۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مطہر اور جسٹس شاہنواز طارق پر مشتمل ڈویژن بنچ میں سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ پرویز مشرف کے وکیل ڈاکٹر فروغ نسیم نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے 5 اپریل 2013 اور 2 اپریل 2014 کے فیصلوں کو چیلنج کیا ہے۔پرویز مشرف خود پاکستان آکر رضا کارانہ طور پر عدالت میں پیش ہوئے۔سپریم کورٹ نے تیرہ اپریل 2013ء کو پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا عبوری حکم دیا لیکن وفاقی حکومت نے پانچ اپریل کو ہی ان کا نام شامل کر لیا تھا۔وفاقی حکومت نے ای سی ایل میں نام شامل کرنے سے پہلے کوئی شو کاز نوٹس دیا اور نہ ہی جواز تھا۔خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی۔  مشرف رضا کارانہ طور پر خصوصی عدالت میں پیش ہوئے۔ سپریم کورٹ سمیت کسی بھی عدالت نے پرویز مشرف کو گرفتار نہیں کیا۔ وہ تمام عدالتوں سے ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن