• news

چینی کمپنیوں کی توانائی‘ ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے گذشتہ روز اسلام آباد میں چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے نائب صدر جیری لیو  نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل، گارمنٹس اور توانائی سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے، پنجاب حکومت اور شین ڈونگ رویائی گروپ کے مابین طے پانے والے معاہدوں پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں چین کی متعدد کمپنیاں کام کر رہی ہیں۔ پنجاب حکومت اور چین کی کمپنیوں کے مابین بڑھتا ہوا اشتراک پاکستان اور چین کی دوستی اور قابل اعتماد تعلقات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ چین پاکستان کا بااعتماد اور مخلص دوست ہے اور ہمیں چین کی دوستی پر فخر ہے۔ چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں توانائی اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے تعاون خوش آئند ہے۔ پنجاب حکومت موٹر وے کے نزدیک وسیع خطہ اراضی پر قائد اعظم ایپرل پارک بنا رہی ہے اورچین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کی جانب سے اس میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چین کا گروپ ایپرل پارک کے قیام میں ٹیکنیکل معاونت فراہم کرے گا۔ چینی گروپ کا کنسورشیم ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2کول پاور پلانٹس لگائے گا۔ ساہیوال میں کول پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد رواں ماہ رکھا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول فراہم کیا ہے۔ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ نائب صدر شین ڈونگ رویائی گروپ چائنہ جیری لیو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی اور ٹیکسٹائل کے شعبہ میں تعاون کو مزید فروغ دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ برادر اسلامی ملک ترکی کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں سٹیٹ آف دی آرٹ سکول تعمیر کیا گیا ہے۔ سکول میں مظفرگڑھ اور دیگرقریبی اضلاع کی بچیوں کو معیاری تعلیم مفت فراہم کی جائے گی۔ معیاری تعلیم پر جتنا حق اشرافیہ کے بچوں کا ہے اتنا ہی حق غریب اورکم وسیلہ گھرانوں کے بچوں کا بھی ہے۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے ترکی کے تعاون سے مظفرگڑھ میں بنائے گئے سکول کا نام امینہ اردگان دانش سکول رکھنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے مابین تاریخی، تہذیبی، دینی اور ثقافتی تعلقات قائم ہیں۔ ترکی کے تعاون سے بنایا گیا سکول مظفرگڑھ کے عوام کے لئے شاندار تحفہ ہے اور پاک ترک دوستی کی اعلیٰ مثال ہے۔ سکول میں تعلیم کی جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ بچیوں کو سمارٹ بورڈز کے ذریعے تعلیم فراہم کی جائے گی اور سکول میں ڈیجیٹل لیبز بھی قائم کریں گے۔ 45کنال رقبے پر محیط امینہ اردگان دانش سکول پنجاب کا بہترین سکول ثابت ہوگا اور سکول میں بچیوں کے لئے کھیلوں کی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرنے، انتہا پسندی کے رجحانات کے خاتمے، غربت اوربے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے فروغ تعلیم نہایت ضروری ہے۔ دانش سکول سسٹم انتہائی غریب خاندانوں کے بچے اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے میں موثر کردار ادا کررہا ہے۔ پسماندہ علاقوںمیں قائم کئے گئے دانش سکولوں میں بچوں کو قیام و طعام کے علاوہ مفت تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اور دانش سکول وسائل قوم پر صرف کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ترکی کے تعاون سے جنوبی پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ میں تعمیر کیا گیا جدید سکول علاقے کی بچیوں کو تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے کہا ہے کہ مظفرگڑھ میں طیب اردگان ہسپتال کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کے لئے ترکی کی حکومت اور قیادت کا ایک انمول تحفہ ہے۔ ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری، طبی آلات اور دیگر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ اس جدید ہسپتال کو جنوبی پنجاب کے عوام کے علاج معالجہ کے لئے 21جون کو آپریشنل کر دیا جائیگا۔ علاج معالجہ کے ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ وہ گذشتہ روز طیب اردگان ہسپتال مظفرگڑھ سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طیب اردگان ہسپتال کو چلانے کے لیے ترکی کے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی پاکستان آئے گا۔ بلاشبہ ترک حکومت کی جانب سے پاکستانی بھائیوں کے لئے جذبہ ایثار کا یہ مظاہرہ لائق تحسین ہے۔ طیب اردگان ہسپتال کے ساتھ ڈاکٹرز اور دیگر عملے کے لئے رہائشی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ رہائش گاہوں کی تعمیر کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے اور ہسپتال کے ساتھ رہائشی علاقے میں بھی شجرکاری اور لینڈ سکیپنگ کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن