اسلام آباد ہائیکورٹ: جیو ٹی وی کے ذمہ داران کیخلاف مقدمات درج کرنے اور آرٹیکل 6کے تحت کارروائی کیلئے درخواستیں خارج
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس ریاض احمد خان نے جیو ٹی وی کے ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی سے متعلق درخواستوں پر دفتری اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے دونوں درخواستیں خارج کر دیں۔ قمر عباس اور عبدالرحمن نامی دو شہریوں نے درخواستیں دائر کی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ حامد میر پر حملے کے بعد فوج اور آئی ایس آئی کو بدنام کرنے پر تھانہ کوہسار پولیس کو جیو ٹی وی کے ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواستیں دیں مگر پولیس نے ان کی دادرسی نہیں کی اور مقدمہ درج نہیں کیا۔ رجسٹرار آفس نے اِن درخواستوں پر اعتراضات عائد کئے تھے جن کی سماعت جسٹس ریاض احمد خان نے کی۔ عدالت نے دفتری اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے دونوں درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اس نوعیت کی درخواستیں براہ راست عدالت عالیہ میں دائر نہیں کی جا سکتیں۔