عمران خان کا دھرنا اور احتجاجی تحریک دھاندلی کے خلاف نہیں، ایجنڈا کوئی اور ہے: فضل الرحمن
اسلام آباد (آن لائن) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کا گیارہ مئی کو دھرنا اور احتجاجی تحریک کا ایجنڈا دھاندلی کے خلاف نہیں کوئی اور ہے کیونکہ عمران کے رویئے میں استقامت نہیں، انہوں نے متعدد بار یوٹرن لیا۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران چار حلقوں کی بجائے پورے ملک میں دھاندلی کی بات کیوں نہیں کرتے ہمارا میڈیا عمران خان کو غیر ضروری اہمیت دے رہا ہے اقتصادی طور پر ملک کے حالات میں بہتری نظر آرہی ہے لیکن ان کے ثمرات عام آدمی تک نہیں پہنچ رہے۔ فاٹا بلوچستان سمیت پورے ملک میں بدامنی بڑھ رہی ہے حکومت عوامی ریلیف کے لئے اپنی حکمت عملی واضع کرے پولیو کی وجہ سے سفری پابندیاں درست نہیں ہیں ملک میں بدامنی عروج پر ہے اس میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے عام آدمی کی زندگی متاثر ہورہی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران کے رویئے میں استقامت نہیں۔ملتان ائر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تک مقتدر قوتوں اور اسٹیبلشمنٹ کا موڈ نہیں بنتا طالبان سے مذاکرات بے نتیجہ رہیں گے، خارجہ پالیسی پر ازسر نو غور کی ضرورت ہے‘ سیکورٹی معاملات پر صرف اے پی سی کافی نہیں‘ پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہئے، جمہوریت ڈی ریل ہونے کے حق میں نہیں اداروں کو اپنی پیشہ ورانہ حدود میں رہنا ہوگا۔ افغانستان کی صورتحال پر غور کرکے ہم خطے کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فاٹا، بلوچستان، کراچی میں سکیورٹی کی صورتحال غیر تسلی بخش ہے، وہاں لوگ خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں۔