اسلام آباد انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو ڈی چوک میں دھرنے کی اجازت سے انکار
اسلام آباد (وقائع نگار) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے پی ٹی آئی کی جانب سے 11مئی کو ڈی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کرنے کی درخواست اعتراض لگاکر مسترد کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 11 مئی کو حکومت مخالف احتجاج کرنے کے لئے دی گئی درخواست اس کے احتجاج پلان نہ ہونے کے باعث مسترد کردی ہے۔ این این آئی کے مطابق اسلام آباد انتظامیبہ نے تحریک انصاف کو ڈی چوک میں دھرنے کی اجازت دینے سے انکارکرتے ہوئے جلسے کیلئے متبادل جگہ کی پیشکش کی ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ کا اجلاس ڈپٹی کمشنر اسلام آباد مجاہد شیر دل کی زیرصدارت ہوا جس میں تحریک انصاف کی جانب سے 11 مئی کو ڈی چوک میں احتجاجی دھرنے کی درخواست کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکیورٹی وجوہات اور جناح ایونیو پر جاری تعمیراتی کام کے پیش نظر تحریک انصاف کو ڈی چوک میں دھرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کو احتجاجی جلسے اور دھرنے کیلئے کسی پارک یا گرائونڈ میں جگہ دی جاسکتی ہے۔