ناقص سکیورٹی اور ریلوے پولیس کے محدود وسائل نے ٹرین کا سفر غیرمحفوظ بنا دیا
لاہور (میاں علی افضل سے) ناقص سکیورٹی اقدامات اور ریلوے پولیس کے محدود وسائل نے ریل کے سفر کو غیر محفوظ بنا دیا۔ ریلوے سٹیشنوں، مسافر ٹرینوں پر دہشت گردانہ کے حملوں میں 2013-14ء میں 43 مسافر ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 204مسافر شدید زخمی جن میں زیادہ تر مسافر عمر بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں، 2014ء کے پہلے 4ماہ میں ہلاکتوں کی تعداد 2012ء سے دگنی سے بھی زیادہ ہو چکی ہے، مناسب سکیورٹی انتظامات نہ ہونے پر مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں، سال 2013-14ء میں مجموعی طور پر ٹرینوں پر 46سے زائد حملے ہوئے۔ 2013ء میں صوبہ پنجاب میں ایک حملہ ،سندھ میں 18، بلوچستان میں 12حملے ہوئے جن میں 15مسافر ہلاک ہو گئے۔ 2014ء کے پہلے 4ماہ کے دوران پنجاب میں ٹرینوں پر 4، سندھ میں 6، بلوچستان میں 5حملے ہوئے اور مجموعی طور پر 28مسافر ہلاک ہوئے۔