• news

غداری کیس، مشرف کو 14مئی تک تحقیقاتی رپورٹ فراہم کی جائیں: خصوصی عدالت

اسلام آباد (ثناء نیوز) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے غداری کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کو سابق صدر کو تحقیقاتی رپورٹ سمیت تمام دستاویزات 14 مئی تک فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔اسلام آباد میں خصوصی عدالت کے چیف جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے غداری کیس میں پرویز مشرف کی جانب سے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو کیس کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ سمیت تمام دستاویزات فراہم کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کیس کے حوالے سے تمام ریکارڈ تک رسائی ملزم کا قانونی حق ہے اور استغاثہ کی ذمہ داری ہے۔  تحقیقات کے دوران اگر کسی فرد نے کوئی اضافی نوٹ بھی لکھا ہے تو وہ بھی پرویز مشرف کے وکلاء کو فراہم کیا جائے تاکہ 22 مئی سے کیس کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کرنے کا عمل شروع کیا جا سکے۔جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نے جمعرات کو سابق فوجی صدر کے خلاف مقدمے کی سماعت کے دوران یہ فیصلہ سنایا۔ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں جسٹس طاہرہ صفدر اورجسٹس یاور علی خان پر مشتمل خصوصی عدالت  نے چیف پراسیکیوٹر اکرم شیخ کی جانب سے شہادتیں جلد ریکارڈ کرانے کی درخواست کے حوالے سے کہا کہ شہادتیں ریکارڈ کرنے کا عمل 22 مئی سے شروع ہو گا۔عدالت  نے اپنے فیصلے میں کہا کہ سابق صدر کے وکلا کو 14 مئی تک تفتیش کی نقول فراہم کردی جائیں۔واضح رہے کہ چودہ اپریل کو خصوصی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے تفتیش کی نقول فراہم کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن