• news

حتف تھری بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ ہر جارحیت کے مقابلہ کی صلاحیت رکھتے ہیں:جنرل راحیل

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) پاکستان نے  290 کلو میٹر کے فاصلے تک روایتی اور ایٹمی ہتھیاروں سے ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل حتف تھری غزنوی کا  تربیتی مقاصد کیلئے کامیاب  تجربہ کر لیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تجربہ دیکھا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دنیا کا بہترین  کمانڈ اور کنٹرول نظام تشکیل دیا ہے اور  افواج پاکستان، مادر وطن کی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرہ کا مقابلہ اور تدارک کرنے کی مکمل استعداد رکھتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تجربہ، آرمی سٹریٹجک فورس کمانڈ کی فیلڈ ٹریننگ  مشقوں کا نکتہ عروج تھا۔ ان مشقوں کا مقصد  میزائل گروپ کی حربی تیاری اور  ہتھیاروں کے اس نظام میں  بہتر بنائے گئے پہلوئوں کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف  کے علاوہ  ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر فائیوکور لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی،  کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خان، چیئرمین نیسکام محمد عرفان برنی اور دیگر سینئر فوجی حکام اور سائنسدانوں نے تجربہ دیکھا۔ جنرل راحیل نے ہتھیاروں کے اس نظام  کو بروئے کار لانے میں مہارت پر آرمی کے دستوں کی تعریف کی اور کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ان دستوں کی مہارت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی  اس کامیاب تجربے کو زبردست سراہا اور انہوں نے  جوانوں سائنسدانوں اور انجینئرز کو ان کی نمایاں کامیابی پر مبارکباد دی۔ واضح رہے کہ  بھارت کی کولڈ سٹارٹ ڈاکٹرائن  کا توڑ کرنے کیلئے پاکستان نے ٹھوس ایندھن سے چلنے والے مختصر فاصلے کے جو میزائل تیار کئے ہیں ان میں غزنوی کو کلیدی حثییت حاصل ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہمارے پاس جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم موجود ہے۔

ای پیپر-دی نیشن