• news

اسلام آباد ہائیکورٹ: پیمرا کو کارروائی سے روکنے کیلئے جیو نیوز کی درخواست مسترد

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئی ایس آئی کی درخواست پر پیمرا میں جاری جیو ٹی وی کے خلاف کارروائی روکنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ انڈیپنڈنٹ میڈیا کارپوریشن اور میر ابراہیم رحمان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس ریاض احمد خان نے کی۔ جیو ٹی وی کی جانب سے وکیل اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ سینئر اینکر پرسن حامد میر پر کراچی میں 19 اپریل کو قاتلانہ حملہ ہوا۔ اس واقعہ کی عالمی سطح پر کوریج ہوئی۔ جیو نے کسی ادارے پر الزام تراشی نہیں کی بلکہ حامد میر کے بھائی عامر میر کے الزامات نشر کیے۔ پیمرا بغیر چیئرمین کے کام کر رہی ہے۔ پیمرا شکایت وصول کرنے کا مجاز ہے اور نہ ہی کسی شکایت پر شوکاز نوٹس جاری کر سکتی ہے۔ شکایت درج کرانے کیلئے کونسل آف کمپلینٹس موجود ہے جس کے پاس ایسی شکایات موصول کرنے اور متعلقہ افراد کو طلب کرنے کا اختیار ہے۔ عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے مذکورہ دخواست خارج کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیو نیوز کے لائسنس کی منسوخی اور جنگ گروپ کی مطبوعات پر پابندی کے حوالے سے دائر ایک درخواست عدم پیروی کی بنا پر خارج کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن