• news

کوئٹہ : ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ‘ دو افراد جاں بحق‘ کئی دکانیں‘ تین گاڑیاں تباہ

کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ میں سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ خاتون اور بچے سمیت 16زخمی ہو گئے، دھماکے سے 3گاڑیاں، 5 موٹر سائیکلیں تباہ اور متعدد دکانیں تباہ ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر نادرا آفس کے قریب نامعلوم افراد نے سائیکل میں بم نصب کر کے ایک دکان کے باہر فٹ پاتھ پر کھڑا کر رکھا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کر دیا گیا جہاں بعض زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کی کھڑکیوں اور دکانوں کے شوکیسوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے بعد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فرنٹیئرکور بلوچستان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ بم ڈسپوزل ذرائع کے مطابق بم سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے اڑایا گیا۔ دھماکے میں 8سے 10کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، صوبائی وزیرداخلہ میرسرفراز بگٹی اور دیگر نے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آئی این پی اور این این آئی کے مطابق دھماکے میں 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے۔ علاوہ ازیں کوئٹہ کے علاقے مسلم اتحاد کالونی کے قریب برساتی نالے میں پڑے ہوئے کچرے میں دستی بم پھٹنے سے دو بچے 10 سالہ سماعیل اور 7 سالہ شکریہ بی بی زخمی ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن