دھاندلی کے ذمہ دار الیکشن کمشن آفس پنجاب کا آج گھیرائو کرینگے: محمود الرشید
لاہور+ فیروزوالا+ مریدکے (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران) اپوزیشن لیڈر پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ آج (جمعہ) دھاندلی کے ذمہ دار الیکشن کمشن آفس پنجاب کا گھیرائو کیا جائے گا، 11مئی کا پرامن احتجاج روکنے کی کوشش کی گئی تو ردعمل حکمرانوں کی توقع سے بھی زیادہ شدید ہو گا اور پھر ملک بھر میں دما دم مست قلندر ہوگا، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی طرف سے 11مئی کے احتجاج کے موقع پر دہشت گردی کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خواب آتے رہتے ہیں اور ہم خیالی ایجنسیوں سے نہیں ڈرتے، انتخابی عذر داریوں میں ریٹرننگ افسران کے خلاف دھاندلی کی واضح ثبوت سامنے آ گئے ہیں انہیں نہ صرف کڑی سزائیں دی جائیں بلکہ ان سے استعفے لئے جائیں اور انہیں معطل کر کے قید اور جرمانے کی سزائیں بھی دی جائیں، ہماری تحریک سے جمہوریت مضبوط ہو گی، مارشل لاء کا کوئی خطرہ نہیں فوج اقتدار میں آئے گی اور نہ اسے آنا چاہئے۔ گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں امتیاز شیخ اور نور اللہ صدیقی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرچ آپریشن کے نام پر ہمارے کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے ٹرانسپورٹرز کو بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں تاہم پنجاب کے ہر ضلع سے لاکھوں کارکن اپنی مدد آپ کے تحت اسلام آباد پہنچیں گے۔ عمران خان کے خلاف منفی پراپیگنڈا مہم بند کر دی جائے وہ ڈرنے اور جھکنے والے نہیں اس احتجاجی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیںگے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خطرہ کے متعلق صوبائی وزیر قانون پنجاب خواب دیکھتے رہتے ہیں، لگتا ہے ان کے کالعدم تنظیموں سے خاص رابطے ہیں جو انہیں اطلاع ملتی رہتی ہے۔ 11مئی کا احتجاج روکنے کیلئے خزانے کے منہ کھول دیئے گئے ہیں مگر انصاف کا یہ قافلہ رکنے والا نہیں۔ میاں محمود الرشید نے این اے 118این اے 124اور این اے 128میں ہونے والی دھاندلی کے دستاویزی ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہاکہ چودھری نثار 40نہیں صرف لاہور کے ان تین حلقوں کے انگوٹھوں کی تصدیق کی راہ میں حکومتی رکاوٹیں دور کروا دیں تو سب کچھ سامنے آ جائے گا۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے صوبائی رہنما میاں خالد جاوید کی رہائش گاہ پر تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمود الرشید نے کہا کہ ہمارا احتجاج حکومت گرانے کیلئے نہیں بلکہ حکومت کو راہ راست پر لانے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کا سبق سکھانے والے خود جمہویت کا احترام کرنا سیکھیں۔ ہمارا احتجاج کسی کے اشاروں پر نہیں بلکہ اشاروں کی سیاست کو ہم مسترد کرتے ہیں۔