اندرون شہر 365 قدیم عمارتوں کا سروے مکمل، تاریخی قرار دینے کیلئے مالکان کو نوٹس جاری
لاہور (سید شعیب الدین سے) اندرون شہر کی قدیم، پرانی، بوسیدہ 1200 عمارتوں میں سے 365 کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ والڈ سٹی اتھارٹی اسی سروے کے بعد فیصلہ کریگی کہ کن عمارتوں کو تاریخی ورثہ قرار دیکر انہیں سنبھالا جائے گا اور ان کی خوبصورتی بحال کی جائے گی۔ والڈ سٹی اتھارٹی ثقافتی اہمیت کی عمارتوں کی مرمت اور بحالی کا کام کروائے گی۔ جن عمارتوں کو بحالی اور مرمت کیلئے چنا جائے گا ان کی کم از کم ’’عمر‘‘ 75 سال ہونا ضروری ہے۔ والڈ سٹی انتظامیہ نے 365 عمارتوں کے سروے کے بعد ان مالکان کو نوٹس جاری کئے ہیں جن کی عمارتیں تاریخی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان نوٹسز میں مالکان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اب عمارت کی شکل و صورت تبدیل نہیں کرینگے۔ والڈ سٹی اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق اندرون شہر کی حالت پلازہ مافیا نے بیحد بگاڑ دی ہے۔ 55 فیصد پرانے شہر کی شکل بدلی جا چکی ہے۔ پلازے بن رہے ہیں اور بیسمنٹ چوری چھپے کھودی جا رہی ہیں مگر اب والڈ سٹی انتظامیہ نے اندرون شہر کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان غیرقانونی تعمیرات کو روکا ہے۔ ایسی 12 تعمیرات کو جو کشمیری گھاٹی، موچی گیٹ اور دیگر جگہوں پر جاری تھیں سیل کر دیا گیا ہے۔ ایک سرکاری دستاویز کے مطابق جن عمارات کی مرمت ممکن ہے ان میں وارڈ (اے) میں 22، وارڈ بی میں 17، وارڈ سی میں 24، وارڈ ڈی میں 27، وارڈ ای میں 4، وارڈ ایف میں 24، وارڈ جی میں 23، وارڈ آئی میں 20 عمارتیں شامل ہیں جبکہ بوسیدہ اور خطرناک عمارتیں وارڈ اے میں 24، وارڈ بی میں 4، وارڈ سی میں 3، وارڈ ڈی میں 12، وارڈ ای میں 4، وارڈ ایف میں 6، واڈ جی میں 3، وارڈ ایچ میں 2 اور وارڈ آئی میں 10 ہیں۔