• news

انٹرسٹی بسوں میں اے سی بند، ناقص صفائی، اوورلوڈنگ سے مسافروں کو مشکلات

لاہور (شہزادہ خالد) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ایل ٹی سی نے انٹر سٹی بسوں میں اے سی بند کر دیئے۔  مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ کرایہ میں کمی کی بجائے اے سی کو بند کر دیا گیا ہے جو سراسر زیادتی ہے۔ شیخوپورہ سے لاہور آنے والی بس ایل ای ایس 5752 کے مسافر اسلم نے کہا کہ بس میں مچھر اور مکھیاں بھی دیکھنے کو ملی ہیں۔ بس کی حالت دیکھ کر لگ رہا تھاکہ اسے عرصہ دراز سے دھویا نہیں گیا ہر طرف مٹی نظر آ رہی تھی، دوسرے مسافر شفیق نے کہا کہ لاہور سے دوسرے شہروں کو جانے والی بسوں کا وقت مقرر نہ ہونے سے دور دراز سے آنے والے مسافر سخت گرمی میں رات سڑکوں پر گذارنے پر مجبور ہیں۔ کبھی آخری بس 9 بجے چلتی ہے کبھی 10 بجے اور کبھی 8 بجے ہی آخری بس نکل جاتی ہے۔  ایل ٹی سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سی این جی نہ ملنے سے بعض اوقات بس سروس مقررہ وقت سے پہلے بند کرنا پڑتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن