بھارت: جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر پاکستانی بیوی پر تشدد، ملزم اور والدہ کیخلاف مقدمہ
بریلی (آئی این پی) بھارت میں سافٹ ویئر انجینئر ہونے کا جھوٹ بول کر پاکستانی لڑکی سے شادی کرنے والے قصائی شوہر نے 6 سال بعد سسرال سے 10 لاکھ روپے کے جہیز کا مطالبہ کر دیا۔ مطالبہ پورا نہ ہونے پر بیوی کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا‘ پولیس نے ملزم اور اس کی والدہ کیخلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔ جمعرات کو بھارتی خبر ایجنسی کے مطابق بریلی کا رہائشی محمد اطہر لاہور کی ارم کو سافٹ ویئر انجینئر ہونے کا دعویٰ کرکے بیاہ کر لایا تھا۔ ارم نے گھریلو تشدد کا سلسلہ بڑھنے پر پاکستان سے اپنے والدین کو بلا لیا اور تھانے پہنچ گئی۔