• news

عمران خان اور طاہرالقادری کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں: شجاعت

لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر وسابق وزیر اعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، صاف شفاف انتخابات کیلئے انتخابی نظام میں مکمل اصلاح کا ان کا مطالبہ درست ہے۔ چودھری شجاعت نے ایک بیان میں کہا کہ ق لیگ 11 مئی کے انتخابات کے بعد پہلے دن سے کہہ رہی ہے کہ ان انتخابات میں دھاندلی کے تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ مسلم لیگ (ن) نے ریٹرننگ افسروں کے ساتھ مل کر جو کھیل کھیلا اب اس سے پردہ اٹھ رہا ہے اور تمام چہرے بے نقاب ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں ڈاکٹر طاہرالقادری اور عمران خان سمیت ہم سب کا حق بنتا ہے کہ انتخابی نظام میں مکمل اصلاح کی بات کریں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود الیکشن ٹربیونلز متاثرہ امیدواروں کی الیکشن پٹیشنز پر فیصلہ دینے سے قاصر ہیں لہٰذا اب عمران خان کو اپنا مقدمہ عوام کی عدالت میں پیش کرنے کا پورا حق ہے لیکن ان کو صرف چار حلقوں پر فوکس کرنے کی بجائے طاہر القادری کی طرح پورے انتخابی نظام کی اصلاح کی بات کرنا چاہیے کیونکہ صرف جزوی اصلاح سے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن