ٹی آئی پی کی نجکاری پر غور: پی آئی اے کے کرائے کم کرنے کی تجویز نہیں : وقفہ سوالات
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ حکومت ٹیلی فون انڈسٹریز پاکستان (ٹی آئی پی) کی نجکاری پر غور کررہی ہے، ملک بھر میں یتیم بچوں کیلئے سویٹ ہومز قائم کئے جائینگے، اندرون ملک پی آئی اے کے کرایوں میں کمی کرنے کی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں ہے۔ وقفہ سوالات کے دوران پروین مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے ہوائی اڈے کے قریب ہائوسنگ سوسائٹیز قائم کرنے کا معیار مقرر ہے۔ تجاوزات قائم کرنے والوں کو نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں کہ نئے اسلام آباد ایئر پورٹ کی سیکیورٹی کیلئے پاک رینجرز اور پنجاب پولیس کا سیکیورٹی سٹاف پورے نظام کی نگرانی کررہے ہیں۔ کنٹریکٹرز اور کنلسٹنٹس کے عملہ کے تحفظ کیلئے نجی سیکیورٹی ایجنسیوں کو ہائر کیا گیا ہے۔ تمام اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت جام کمال نے بتایا کہ فی الحال پانچ سے نو سال کے عمر کے 67 لاکھ بچے سکول نہیں جاتے، وزارت اعلی تعلیم وتربیت نے ستمبر 2013ء میں نیشنل پلان آف ایکشن کا آغاز کیا، قومی منصوبے کے مقاصد میں قومی مجموعی ابتدائی داخلوں میں 2015-16ء میں 91 فیصد تک اضافہ لانا ہے اس حوالے سے تمام صوبوں اور علاقوں میں داخلوں میں بہتری لانے کے اہداف مقرر کئے گئے ہیں۔ وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے بتایا کہ تھیلیسیمیا اور خون کی دیگر بیماریوں کے حوالے سے قانون سازی کی ضرورت ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد صحت صوبائی معاملہ ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص نے بتایا کہ اسلام آباد میں ڈینگی کیخلاف موثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ اس وقت اسلام آباد کے تمام سرکاری سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی کوئی تجویز نہیں۔ بیلم حسنین کے سوال کے جواب میں وزیر ریلوے کی طرف سے ایوان کو بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے کے ذمے 86.194 ارب روپے کے غیر ادہ شدہ قرضے ہیں، یہ قرضے وفاقی حکومت، چینی فرموں اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سے حاصل کئے گئے۔ زہرہ ودود ہاشمی کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت جام کمال نے بتایا کہ وزارت تعلیم وتربیت واعلی تعلیم میں معیار اور صوبوں کی مشاورت سے قومی نصاب کونسل کی تجویز زیر غور ہے۔ شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ یکم جولائی 2013ء سے 31 مارچ 2014ء تک مختلف سکیموں کے تحت بیت المال نے 1.222 ملین روقے کی رقم خرچ کی ہے اب سویٹ ہومز بنائے جارہے ہیں۔ بیت المال کیلئے رقم بہت کم ہے اس حوالے سے ہم نے وزارت خزانہ کو لکھا ہے کہ بیت المال کیلئے مختص موجودہ فنڈ میں کم از کم دو سے تین گنا اضافہ کیا جائے ، بیگم طاہرہ بخاری کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام انوشہ رحمن نے بتایا کہ اس وقت ٹی آئی پی میں معاہداتی معاہدہ یومیہ اجرت کی بنیاد پر366 ملازمین ہیں۔ تمام ملازمین پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی سے تعلق رکھتے ہیں۔ سرکاری ملازمت میں نہیں ہیں۔ ان کی ملازمتیں باقاعدہ اور مستقل نہیں کی جاسکتیں۔پاکستان بیت المال کے فنڈز میں اضافہ کرنے کی تجویز پر سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں حکومت نہیں ہوں اگر ہوتا تو بیت المال کے فنڈز میں اضافہ کردیتا، بیگم طاہرہ بخاری کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ مانسہرہ میں ایئر پورٹ تعمیر کرنے کی تجویز ابتدائی مرحلہ میں ہے۔2014-15ء کیلئے وسائل کی کوئی تخصیص نہیں کی گئی ہے ، آسیہ ناز تنولی کے سوال کے جواب میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کا کوئی افسر بجلی کی چوری میں ملوث نہیں پایا گیا، پاکستان ریلوے کی طرف سے ملازمین کو بجلی پر سالانہ 26 کروڑ70 لاکھ روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، بجلی کی تقسیم اور بلنگ سسٹم کیلئے پوری ٹرین کو محخصوص کرنے کی بات میں کوئی صداقت نہیں۔ گوادر سے کاشغر تک ریلوے منصوبہ لاہور سے کراچی تک کا حصہ بجلی سے منسلک ہوگا۔ یہاں بجلی سے ٹرین چلے گی۔ قومی اسمبلی کو آگاہ کیا گیا گذشتہ سوا سال کے دوران پی آئی اے کے ملازمین کو ایک لاکھ 84ہزار سے زائد مفت اور رعائتی ٹکٹ دیے گئے۔