حکومت نے مشرف کانام ای سی ایل سے نہ نکال کر قومی امنگوں کی ترجمانی کی ہے: طلال بگٹی
لاہور (آئی این پی) جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال اکبر بگٹی نے کہا ہے کہ پرویزمشرف قومی مجرم ہیں حکومت نے ان کا نام ای سی ایل سے نہ نکال کر قومی امنگوں کی ترجمانی کی ہے‘ اگر پرویزمشرف کو بیماری کے بہانے بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی تو ہر قیدی ملک سے باہر علاج کروانے پر ہی بضد ہو گا‘ جمہوریت کے بغیر ملک میں کوئی اور نظام نہیں چل سکتا۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران طلال بگٹی نے کہاکہ پرویزمشرف نے اس ملک و قوم کے ساتھ جو کچھ کیا وہ کسی سے پوشیدہ نہیں اس لئے پوری قوم یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ پرویزمشرف کو اسکے کئے کی سزا ضرور ملنی چاہئے تاکہ ملک میں جمہوریت کے مستقبل کو محفوظ اور آمریت کا راستہ روکا جا سکے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت پرویزمشرف کے معاملے پر جرات مندانہ ہی موقف اختیار کئے رکھے۔