طاہر القادری کی ریلی کو سکیورٹی خدشات لاحق ہیں، محکمہ داخلہ، کل صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی لاگو ہو گی: محکمہ صحت
لاہور (آن لائن) ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مراسلہ کے مطابق طاہرالقادری کی ریلی کو سکیورٹی خدشات لاحق ہیں۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے طاہر القادری اور انکے صاحبزادوں کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیز کی رپورٹس کے مطابق ریلی کے دوران کسی ناخوشگوار واقعہ کے پیش آ نے کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ مولانا طاہرالقادری کے خلاف پہلے ہی طالبان کی جانب سے فتویٰ جاری کیا چکا ہے۔ آئی این پی کے مطابق عوامی تحریک کو مال لاہور پر جلسے کی اجازت نہیں دی گئی۔ دوسری طرف پنجاب حکومت نے کل اتوار کو صوبے کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب کے ترجمان کے مطابق اتوار کو صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی۔ ترجمان حکومت پنجاب نے مزید کہا کہ کسی بھی غیرمتوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے 1122اور دیگر ریسکیو اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا۔