پی آئی اے نے اندرون ملک کئی روٹس پر بھی کرایہ 2ہزار روپے کم کر دیا
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی اے نے عمرہ اور اندرون ملک پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر قومی ایئر لائن پی آئی اے نے عمرہ اور اندرون ملک کرایوں میں کمی کردی ہے خاص طور پر پنجاب‘ آزاد کشمیر‘ خیبر پی کے اور گلگت بلتستان سے پی آئی اے کی عمرہ کیلئے جانے والی پروازوں کے کرایوں میں 6 ہزار روپے کی کمی کردی گئی ہے۔ اعلان کے مطابق اب ٹکٹ 72 ہزار کی بجائے 66 ہزار روپے میں جاری کیا جائے گا جبکہ سندھ اور بلوچستان کے عمرے کے کرایوں میں 60 ہزار سے کم کرکے 54 ہزار روپے کردیا گیا ہے۔ اندرون ملک پروازوں کے روٹس ملتان‘ فیصل آباد‘ پشاور‘ کوئٹہ اور ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے کرایوں میں 2 ہزار روپے کمی کردی گئی ہے۔