کراچی: فائرنگ کے واقعات، 3 افراد جاں بحق، 2 ڈاکو مقابلے میں مارے گئے
کراچی(کرائم رپورٹر) کراچی میں جمعہ کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں عورت سمیت تین افراد ہلاک جبکہ مقابلے میں 2 ڈاکو مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں شادی شدہ عورت50 سالہ شمع کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ شمع کو اس کے بھانجوں نے قتل کیا۔ ادھر اورنگی ٹائون کے سیکٹر16 میں ایک شخص کی لاش ملی جسے گولیاں مارکر ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً 30 سال تھی تاہم فوری طور پر اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ دریں اثناء بنارس میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 36 سالہ سعید علی خان زخمی ہوگیا۔ نیو کراچی کے علاقے ایوب گوٹھ میں ایک نوجوان22 سالہ عبد النبی کو چھری کے وار کرکے زخمی کردیا گیا۔ لیاری میں مسلح افراد کی فائرنگ سے عمران ولد اللہ بخش زخمی ہوگیا۔ جبکہ بلدیہ اتحاد ٹائون میں 23 سالہ حسن خان ولد شاہ میر کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا گیا۔ ادھر کلفٹن کے بلاک7 میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو مارے گئے۔