ججز نظربندی کیس : اگلی پیشی پر مشرف نہ آئے تو ضامنوں کو پکڑیں گے : عدالت
اسلام آباد(نامہ نگار+ ایجنسیاں) ججز نظر بندی کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے کہا ہے کہ اگر اگلی پیشی پر پرویز مشرف نہ آئے تو ان کے ضامنوں کو پکڑیں گے۔ سابق صدر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کمر کے شدید درد کے باعث سفر نہیں کر سکتے جس کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے پرویز مشرف کو ایک روز کے لئے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیدیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نے مشرف کے پیش نہ ہونے پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مشرف تین گھنٹے کا سفر کر کے کراچی جا سکتے ہیں۔ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے۔ عدم حاضری پر اظہار برہمی کیا۔ مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہے اور کراچی میں زیرعلاج ہیں۔ ڈاکٹروں نے مشرف کو آپریشن کا مشورہ دیا ہے۔ وکیل استغاثہ عامر نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کمر کا درد اتنا بڑا مرض نہیں کہ سابق صدر عدالت میں نہ آ سکیں۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ ایسی بیماری تو مجھے بھی ہے۔ عدالت نے مشرف کو 23مئی کو ہر صورت طلب کر لیا ہے۔