جیو نیوز کے معاملے پر پیمرا کا اجلاس‘ مختلف آپشنز پر غور
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جیو کی آئی ایس آئی کے خلاف نشریات پر وزارت دفاع کی شکایت پیمرا کا اجلاس ہوا جس میں پیمرا کے 10 ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں پرویز راٹھور‘ سیکرٹری داخلہ شاہد خان‘ سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نذیر‘ چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ‘ چیئرمین پی ٹی اے اسماعیل شاہ‘ اسرار عباسی‘ فریحہ افتخار، شمع پروین مگسی‘ میاں شمس اور کمال الدین ٹیپو نے شرکت کی۔ اجلاس میں لائسنس منسوخی‘ کچھ عرصہ کیلئے معطلی‘ نشریات کی بندش اور جرمانے سمیت مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔ دو ارکان اسرار عباسی اور میاں شمس نے دیگر ارکان کے رویہ کیخلاف اجلاس کا بائیکاٹ کردیا اور پیمرا کی 3 رکنی کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا۔ اسرار عباسی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا حکومتی ارکان جیو نیوز کیخلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتے، حکومت نے اپنے سیاسی مفاد میں فیصلہ کیا تو یہ خودکش حملہ ہوگا۔پیمرا کا آئندہ اجلاس 16مئی کو ہو گا، بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سفارشات وزارت قانون کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔