وی وی آئی پیز کیلئے 6 بلٹ پروف گاڑیاں تیار کروانے کیلئے فنڈز جاری
لاہور (معین اظہر سے) پنجاب میں وی وی آئی پی کیلئے 6 بلٹ پروف گاڑیوں کیلئے فنڈز جاری کر دئیے گئے۔ جس میںدو جیپیں خریدی گئی ہیں جبکہ 4 گاڑیاں خرید کر ان کو بلٹ پروف کروانے کیلئے 2 کروڑ 15 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کر دئیے گئے۔ گاڑیاں اگلے ہفتے تک پنجاب حکومت کو مل جائیں گی۔ منظوری کے باوجود پتہ نہیں ہے کہ یہ گاڑیاں پنجاب میں کون استعمال کریگا۔ اعلی افسران کے مطابق یہ بلٹ پروف گاڑیاں بعض سیاسی شخصیات کو دی جائیں گی افسران استعمال نہیں کریں گے۔ ان گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کیلئے متعدد کمیٹیاں بنائی گئی تھیں جنہوں نے غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا کہ براہ راست بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی بجائے گاڑیاں خرید کر انکو بلٹ پروف کروایا جائے گا اس کیلئے 1800 سی سی چار گاڑیاں ایک پرائیوٹ کمپنی سے خرید کر، اور 3500 سی سی کی دو جیپیں خرید کران کو بلٹ پروف بنایا جارہا ہے گاڑیوں کو بی 6 ٹائپ بلٹ پروف کے طور پر تیار کیا جارہا ہے جبکہ جیپوں کو بی 7 سیون کے طور پر تیار کروایا جارہا ہے فی گاڑی 21 لاکھ روپے میں خریدی گئی ہے۔ وہ فی جیپ 34 لاکھ روپے میں خریدی گئی ہے۔ ان کی رجسٹریشن کے لئے بھی پانچ لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں اس کے علاوہ جبکہ بلٹ پروف کے لئے کل رقم جو جاری کی گئی ہے وہ 2 کروڑ، 15 لاکھ روپے ہے۔ تاہم اس حوالے سے ٹیکنکل کمیٹی نے اپنی سفارشات میں پہلے گاڑیوں کی خریداری اور پھر ان گاڑیوں کو بلٹ پروف کروانے کے لئے مس فٹ قرار دے دیا تھا اور کہا تھا کہ کم از کم بی6 کے لئے3500 سی سی سے 5 ہزار سی سی گاڑیاں بہتر ہونگی تاہم اب خود ہی ٹیکنکل طور پر مسترد کی گئی گاڑیاں خرید لی گئی ہیں۔ گاڑیوں کو کراچی میں بلٹ پروف بنانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جو اگلے ہفتے تک گاڑیاں لاہور پہنچ جائیں گی۔