حکومت بحری دفاع کیلئے جدید سامان فراہم کررہی ہے: نیول چیف
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کا سالانہ سیفٹی ریویو برائے سال 2013 یہاں بحریہ آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ سیفٹی ریویو ہر سال منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد پاک بحریہ کے مختلف یونٹس میں مجموعی طور پر سیفٹی کے معیارات کو پرکھنا ہے۔ علاوہ ازیں گذشتہ واقعات کے تفصیلی تجزیے کی روشنی میں سیفٹی کلچر کو فروغ دینا اور اس سے متعلق آگاہی پیدا کرنا بھی اس کا ایک اہم مقصد ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد آصف سندھیلہ نے پاک بحریہ میں سیفٹی کلچر کے فروغ اور اس میں لائی جانے والی مثبت تبدیلی پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس حقیقت کا اظہار بھی کیا کہ سیفٹی اور آپریشنل تیاری کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ اس سے انکار ممکن نہیں کہ سمندر اور خشکی پر بحری آپریشنز میں خطرہ ایک لازمی امر ہے جس کو جامع منصوبہ بندی اور اس کی بہترین عملی شکل کی بدولت کم کیا جاسکتا ہے۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ انسانی غلطی کے عنصر کو مکمل طور پر خارج از امکان قرار دینا ممکن نہیں تاہم ہر سطح پر طے شدہ طریقہ کار اور احتیاطی تدابیر کو اپنا کر اسے کم سے کم کرنے کی کوشش ضرور کی جا نی چاہئے۔ نیول چیف نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومت اور قوم ملک کے بحری دفاع کے لئے ہر ممکن وسائل اور جدید سازو سامان مہیا کررہی ہے تاکہ بحریہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرسکے ہمیں نڈر، جدت پسند اور حقیقت پسند ہونا چاہے تاہم نیول آپریشنز کے دوران احتیاط کے دامن کو تھامے رکھنا ضروری ہے۔ ہمارا مقصد ایک محفوظ اور موثر بحریہ ہونا چاہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے جیتنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور انہیں مبارک باد پیش کی۔