• news

جے یو آئی(س) کا امریکی فوج کو فضائی سہولتیں دینے کیخلاف ملک گیر احتجاج

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئر مین مولانا سمیع الحق کی اپیل پر دینی جماعتوں اور تمام مکاتب فکر کے علما اور خطباء نے جمعہ کے اپنے خطبات اور تقاریر میں امریکہ کو پاکستان کی فضائی سہولتیں مہیا کرنے پرشدید احتجاج کیا،جبکہ جے یو آئی (س)نے ملک بھر کے صوبائی دارالحکومتوں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔اکوڑہ خٹک میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولاناسمیع الحق نے کہاکہ ان سہولتوں کے ذ ریعہ افغانستان میں بر سر پیکار آزادی کی جنگ لڑنے والے مجاہدین کو کر ش کیا جائے گا جبکہ دفاع پاکستان کونسل پاکستان کی سرزمین سے نیٹو سپلائی کے خلاف پچھلے تین سال سے احتجاج کر رہی ہے اس پار لیمنٹ اور پاکستانی قوم کے سفارشات کو یکسر نظر انداز کر کے مذاکراتی عمل کو بھی سبو تاژ کیا جارہا ہے ۔مولانا سمیع الحق نے اسلا می تاریخ کی اہم ترین مسجد جامعہ قرطبہ ہسپانیہ کو گرجا گھر میں تبدیل کرنے پر بھی شدید احتجاج کیا ہے اور اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی اور مسلم سربراہان سے مطالبہ کیا کہ وہ اس شرمناک اقدام پر خاموش نہ رہیں ۔جامع مسجد قرطبہ ہماری سنہری تا ریخ کے ماتھے کا جھومر ہے ۔علاوہ ازیں جمعیت علماء اسلام (س)اور طالبان مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولاناسمیع الحق آج لاہور میں مختلف تقریبات سے خطاب کرینگے ۔جے یوآئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانامحمدعاصم مخدوم کے مطابق مولاناسمیع الحق آج (ہفتہ) کو چار بجے دن جامع مسجد احسان الرحیم کے بلاک گلبرگ تھری لاہور میں تقریب سے خطاب اور پریس کانفرنس کرینگے ،جبکہ بعدنماز مغرب جامع ضیاء العلوم بیگم پورہ لاہور اوربعدنمازعشاء جامعہ منظورالاسلامیہ عید لاہور کینٹ میں ختم بخاری شریف کے اجتماعات سے صدارتی خطاب فرمائیں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن