دھاندلی کیخلاف تحریک انصاف کا الیکشن کمشن پنجاب آفس کے سامنے مظاہرہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کی قیادت میں تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی رہنماؤں اور کارکنوں نے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف صوبائی الیکشن کمشن کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو الیکشن کمشن آفس میں داخل ہونے سے روک دیا‘ تحریک انصاف کے مظاہرین ’’ہم کیا چاہتے ہیں انصاف‘‘ دھاندلی والوں کو سزا دو‘ غنڈہ گردی نہیں چلے گی ‘کون بچائے گا پاکستان‘ عمران خان عمران خان‘ کے نعرے لگاتے رہے۔ انہوں نے پارٹی پرچم عمران خان کی تصاویر اور دھاندلی کیخلاف بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ الیکشن کمشن کے دفتر کے باہر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الرشید نے کہا ہم ایک سال سے الیکشن کمشن اور الیکشن ٹربیونلز میں دھکے کھا رہے ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا حکومت بہانوں سے دھاندلی کے خلاف تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالتی ہے ،کبھی چیئرمین نادرا کو برطرف کر دیا جاتا ہے تو کبھی الیکشن ٹربیونلز کے ججز کے تبادلے کردیئے جاتے ہیں۔ انہوںنے کہا اگر حکومت سمجھتی ہے کہ وہ حیلوں بہانوں اور لیت و لعل سے کام لیتے ہوئے اپنی آئینی مدت پوری کرلے گی تو یہ حکمرانوں کی بھول ہے ہم کسی بھی صورت ایسا نہیں ہونے دیںگے اور 11مئی کو عمران خان دھاندلی کیخلاف تحقیقات کیلئے حکومت کو ڈیڈ لائن دیںگے اور اگر اس دھاندلی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو ہم پورے ملک کو جام کر دیںگے۔ عمران خان کی آواز پر 11 مئی کے دن پنجاب سمیت ملک بھر سے لاکھوں عوام اسلام آباد پہنچیں گے اور دھاندلی کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کرینگے۔ عمران خان کرپٹ انتخابی نظام کو بدلنے کے لئے اہم قومی ایجنڈے کا اعلان کرینگے۔