پیپلزپارٹی اور اے این پی نے راشد رحمان کے قتل پر بحث کیلئے سینٹ میں تحریک التواء جمع کرا دی
اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ راشد رحمان کے بہیمانہ قتل پر بحث کرنے کیلئے سینٹ میں ایک تحریک التواء جمع کروائی گئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر اور اے این پی کے سینیٹر افراسیاب خٹک کی مشترکہ تحریک التواء میں کہا گیا ہے کہ راشد رحمان نے ایک ماہ قبل متعلقہ اداروں کو مطلع کر دیا تھا کہ انکو شدت پسندوں اور تنگ نظر افراد کی طرف سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انہوں نے دھمکیاں دینے والے افراد کے نام بھی بتا دئیے تھے۔ راشد رحمان ایڈووکیٹ کا دن دہاڑے قتل اس امر کی غمازی کرتا ہے کہ مبینہ طور پر مذہبی جرائم میں ملوث ملزمان کو پاکستان میں ’’فیئر ٹرائل‘‘ نہیں مل سکتا۔