جمہوری عمل کیلئے نقصان دہ کسی تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے‘ سراج الحق‘ شاہ اویس نورانی کی ملاقات
لاہور (سپیشل رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کسی ایسی تحریک کا حصہ ہر گز نہیں بنے گی جس کے نتیجے میں ملک میں جمہوری عمل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔ 11 مئی کو لاہور کے جلسے میں مستقبل کی سیاسی جدوجہد کیلئے روڈ میپ دیں گے، ملک بھر کے غریبوں‘ مظلوموں اور نوجوانوں کو اکٹھا کرکے ملک میں پرامن اور آئینی ذرائع سے تبدیلی لائیں گے۔ خیبر پی کے میں وزراء کی تبدیلی تحریک انصاف کا اندرونی معاملہ ہے ملک میں بدامنی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مذاکرات ہی واحد آپشن ہے، حکومت اور طالبان کو مذاکرات کی میز پر لا بٹھانا بڑی کامیابی ہے۔ مرکزی میڈیا سیل کے پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز المرکز اسلامی میں جے یو پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل شاہ اویس نورانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں شاہ اویس نورانی نے سراج الحق سے ملاقات کی اور انہیں امیر جماعت منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے وزیراعظم نوازشریف کو طالبان سے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تھا اور اب یہ نواز حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن مذاکرات کو آگے بڑھائے اور اگر خدانخواستہ مذاکرات کا موجودہ سلسلہ ناکام ہوتا ہے تو پھر بھی ہمیں ازسرنو مذاکرات شروع کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بدامنی مہنگائی لوڈشیڈنگ اور بیروزگاری جیسے بڑے مسائل درپیش ہیں اور ان کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔ آج لاہور میں جماعت اسلامی کے جلسے میں ملک میں حقیقی تبدیلی اور پرامن آئینی ذ رائع سے عظیم الشان انقلاب برپا کرنے کیلئے روڈ میپ دوں گا۔ سراج الحق نے کہا کہ آج اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے میں جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر میاں محمد اسلم کی قیادت میں ایک وفد شریک ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر جماعت کا حق ہے اور جماعت اسلامی بھی دھاندلی کے خلاف ہے دریں اثناء نومنتخب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے اعزاز میں اہالیان لاہور کی طرف سے آج اتوار کو ساڑھے تین بجے سہ پہر وحدت کالونی کرکٹ گراؤنڈ میں عوامی استقبالیہ دیا جائے گا جس میں لاہور بھر سے ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین‘ طلبائ‘ وکلائ‘ مزدور اور نوجوان شرکت کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد کے مطابق سراج الحق ملک میں پائی جانے والی بدامنی‘ لوڈشیڈنگ‘ بے روزگاری اور لوٹ مار کے خلاف جماعت اسلامی کے سیاسی لائحہ عمل روڈ میپ کا اعلان کریں گے۔ نومنتخب امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے اعزاز میں اہالیان لاہور کی طرف سے آج اتوار کو ساڑھے تین بجے سہ پہر وحدت کالونی کرکٹ گراؤنڈ میں عوامی استقبالیہ دیا جائیگا جس میں لاہور بھر سے ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین‘ طلباء وکلائ‘ مزدور اور نوجوان شرکت کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد کے مطابق سراج الحق ملک میں پائی جانیوالی بدامنی‘ لوڈشیڈنگ‘ بیروزگاری اور لوٹ مار کے خلاف جماعت اسلامی کے سیاسی لائحہ عمل روڈ میپ کا اعلان کریں گے۔