تخریبی سیاست مسترد‘ عوام بے مقصد احتجاج کا ساتھ نہیں دینگے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف کہا ہے کہ ملک انتہائی نازک دور سے گزررہا ہے، اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ان حالات میں احتجاج کی سیاست کسی بھی لحاظ سے درست نہیں اورنہ ہی ملک احتجاجی سیاست کا متحمل ہوسکتا ہے۔احتجاج کرنیوالے بعض عناصر ملک میں گذشتہ 11ماہ کے دوران ہونیوالی بے مثال ترقی اور خوشحالی کی راہ روکنے کے درپے ہیںلیکن پاکستان کے باشعور 18کروڑ عوام تخریبی اورانتشار کی سیاست کو یکسر مسترد کردیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ایک وفد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں 11ماہ کے دوران ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شبانہ روز کام کیا جس کے باعث معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ قلیل مدت میں 1700میگاواٹ بجلی کا اضافہ کیاگیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی بنانے کے منصوبو ں پر بھی کام کا آغاز کیاہے۔ چین کی جانب سے توانائی، انفراسٹرکچر اوردیگر شعبوں کیلئے 32ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان کیاگیا ہے۔ حکومت کے ٹھوس اورجامع اقدامات کے باعث ملک میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 11ماہ کے دوران وفاقی اور پنجاب حکومت پر ایک بھی پائی کی کرپشن کا الزام ہمارے بدترین مخالف بھی نہیں لگا سکے۔ میںیہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اورخوشحالی کیوںنہیں چاہتے اور وہ کس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہو کر عوام کی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو روکنا چاہتے ہیں۔عوام بے مقصد احتجاج کرنیوالوں کو مسترد کردیں گے اور انکا ساتھ نہیں دیں گے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی کے مابین گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات تیزی سے تجارتی و معاشی مراسم میں بدل رہے ہیں، ترکی کی متعدد کمپنیاں پنجاب حکومت کیساتھ ملکر کام کرر ہی ہیں جس سے دونوں ممالک میںدوستی کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہورہاہے۔ مظفر گڑھ میں طیب اردگان ہسپتال کا قیام جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے ترکی کی حکومت کا شاندار تحفہ ہے۔طیب اردگان ہسپتال میں 21جون سے طبی سہولیات کی فراہمی شروع کر دی جائیگی اور یہاں عوام کو علاج معالجہ مفت حاصل ہوگا۔یہ بات انہوں نے ترکی کی وزرات صحت کے اعلی سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ملاقات میںطیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ترک وفد میں ڈائریکٹرجنرل فارن اینڈ یورپی یونین افیئرز ڈاکٹر اونرگنر ،ڈاکٹر حسان باسکایا اوردیگراعلیٰ حکام شامل تھے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ گزشتہ روز اسلام آباد میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر پنجاب جہانزیب اعوان کی رہائش گاہ پر گئے اور ان سے انکی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی۔ مرحومہ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کی سالی تھیں۔وزیر اعلی نے وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی سے بھی اس موقع پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور مغفرت کیلئے دعا کی۔