• news

شفاف سسٹم کے تحت کوچ بن کر آیا ہوں، ورلڈ کپ جیتنے کی گارنٹی نہیں، اچھا کھیل پیش کریں گے: وقار یونس

ممبئی (آئی این پی )پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ وقار یونس نے اپنی تقرری کے حوالے سے ہونے والی تنقید کو بلاجواز قرار دیا ہے اوردعویٰ کیا ہے کہ وہ ایک شفاف سسٹم کے تحت کوچ بن کر آئے ہیں اورانہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔بھارتی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ اگر کوئی میری تقرری کو متنازع بناکر تنقید کرتا ہے تو میں اس کیلئے تیار ہوں۔ میں نے درخواست دی تھی اور طریقہ کار کو فالو کیا ہے میں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے۔  صاف دل کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہوں اور کسی کھلاڑی سے شکایت نہیں ہے۔ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے۔ سپورٹ سٹاف کیلئے پی سی بی کو مشورہ دیا ہے۔ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا،سری لنکا اور نیوزی لینڈ کی سیریز سے فائدہ ہوگا۔ ایک مضبوط ٹیم کی تشکیل ان کی اولین ترجیح ہے۔ورلڈ کپ میں سال سے بھی کم وقت رہ گیا ہے ‘ عالمی کپ سے قبل پاکستانی ٹیم جتنی بھی سیریز کھیلے کھلاڑیوں کو مواقع دینگے تاکہ وہ خود کو عالمی ایونٹ کیلئے تیار کر سکیں۔ میں یہ تو نہیں کہتا کہ پاکستان ورلڈکپ جیت جائے گا لیکن اتنا ضرور ہے کہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کے مطابق اچھے سے اچھا کھیل پیش کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن