عدالتوں میں آنے والے سائلین کو مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں: چیف جسٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے سپریم کورٹ برانچ رجسٹری لاہور میں بلڈنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سپریم کورٹ برانچ رجسٹری لاہور کے داخلی گیٹ پر سکیورٹی روم اور چیک پوسٹ کی تعمیر کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف جسٹس نے داخلی گیٹ کی سائٹ کا بھی معائنہ کیا جہاں اُنہیں بلڈنگ کمیٹی کے ممبران نے سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی ۔ اجلاس میں لوئر کورٹس کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کیلئے بھی اقدامات پر غور کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس نے چیف جسٹس کولو ئرکورٹس کی سکیورٹی بہتر بنانے کے منصوبے کے بارے میں بھی بریفنگ دی ۔ چیف جسٹس نے سکیورٹی حکام کو ہدایات جاری کیں کہ عدالتوں میں آتے وقت سائلین کو مشکلات پیش نہیں آنی چاہییں ۔ اجلاس میں ہوم سیکرٹری پنجاب ، ایڈیشنل آئی جی اور نیسپاک کے اعلٰی حکام نے شرکت کی ۔