جنوبی وزیرستان میں تحریک طالبان کے سربراہ بدستور خان سید المعروف سجنا ہی ہیں: اعظم طارق
اسلام آباد /پشاور /وانا (آئی این پی) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی سیاسی شوریٰ کے ممبر اور سابقہ ترجمان اعظم طارق محسود نے کہا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں تحریک طالبان پاکستان کے امیر بدستور خان سید المعروف سجنا ہیں اور عمر خالد خراسانی کے جنوبی وزیرستان کے امیر بننے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں نہ اس قسم کا کوئی فیصلہ ہوا ہے۔ تحریک طالبان مذاکرات میں سنجیدہ ہے اور حکومت کیساتھ مذاکرات کیلئے ہر وقت تیار ہے ۔جب بھی فوج اور حکومت کی موقف ایک ہو جائے تو مناسب جگہ پر ملاقات کے وقت کا تعین کر لیا جائے ہم تیار ہیں‘ لگتا ہے فوج مذاکرات میں سنجیدہ نہِیں۔ حکومت اور فوج کا مذاکرات پر یکساں موقف اختیار کرنے سے ہی مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھ سکتا ہے۔ اتوار کو نامعلوم مقام سے میڈیا سے گفتگو میں اعظم طارق نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان کی شوریٰ نے فیصلہ کیا ہے کہ خان سید العمروف سجنا تحریک طالبان پاکستان جنوبی وزیرستان کے امیر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالی شوریٰ کے 16 ممبران ہے ان تمام نے جنوبی وزیرستان کی امارت کے لئے خالد سجنا کی تائید کی ہے۔