منموہن عالمی رہنمائوں کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دینگے نواز شریف کو مدعو نہیں کیا گیا
نئی دہلی (اے پی اے) بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کی جانب سے اپنی حکومتی مدت پوری ہونے سے قبل کئی عالمی رہنماؤں کو الوداعی عشائیے کی دعوت دی گئی ہے تاہم اس بار بھی انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو لفٹ نہ کرائی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق من موہن نے الوداعی عشائیے کے لئے امریکی صدر بارک اوباما، روسی صدر ولادی میر پیوٹن، سابق چینی وزیر اعظم وین جیاباؤ اور جرمن چانسلر انجیلا میرکل سمیت متعدد عالمی رہنماؤں کو خط لکھا جس میں انہوں نے حکومتی مدت پوری ہونے سے قبل انہیں الوداعی عشائیے میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ من موہن حکومت کی جانب سے الوداعی عشائیہ 14 مئی کو رکھا گیا ہے جبکہ حکومت کی مدت 17 مئی کو پوری ہو رہی ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے انتخابی مہم کے دوران کئی بار بھارت سے تعلقات خوشگوار بنانے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور جب منموہن کی حکومت کی معیاد پوری ہونے والی ہے تو الوداعی عشائیے میں دیگر عالمی رہنماؤں کو تو شرکت کی دعوت دی گئی ہے لیکن نواز شریف کو مدعو کرنے سے گریز کیا گیا ہے۔