• news

پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے عارفوالا اور گگومنڈی میں ریلیاں

لاہور (نامہ نگاران) پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے گزشتہ روز بھی ریلیوں کا سلسلہ جاری رہا اور گزشتہ روز عارفوالا اور گگومنڈی میں پاک فوج کے حق میں ریلیاں نکالی گئیں۔ اس موقع پر پاک فوج کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی۔ عارفوالا میں پریس کلب کے زیراہتمام ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ پاکستان کے عوام ملک کی سلامتی کے حوالے سے پاک فوج کے اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اس کے خلاف سازشیں ملک و قوم کے خلاف سازش ہے جس کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی افواج کے خلاف سازشیں کرنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں اسی لئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو چکی ہے۔ ریلی سے عارف والا پریس کلب کے چیئرمین رانا مقبول احمد، صدر علامہ انیس احمد بٹ، دیگر عہدیداروں چودھری محمد اقبال، ملک ندیم اختر دھونی، سید عامر الحسن شاہ، وریام دین اور دیگر نے خطاب کیا۔ ادھر گگومنڈی میں سابق ایم این اے چودھری نذیر احمد کے سیکرٹریٹ سیریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت چودھری غلام مصطفی جٹ، محمد افضل واہلہ، منظر حمید چشتی، رمضان لنگڑیال نے کی۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے تصاویر والے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی چودھری نذیر احمد جٹ کے دفتر سے شروع سے شروع ہوئی اور بس سٹاپ، عارف بازار سے ہوتی ہوئی پریس کلب کے سامنے پہنچی جہاں چودھری غلام مصطفی جٹ نے خطاب کرتے ہوئے افواج پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ غیر ملکی اشاروں پر افواج پاکستان پر الزامات لگا رہے ہیں جن کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس موقع پر شرکاء نے پاک فوج زندہ باد کے پُرجوش نعرے لگائے۔ ریلی ملتان روڈ سے ہوتی ہوئی لاری اڈا پر اختتام پذیر ہو گئی ۔

ای پیپر-دی نیشن