• news

مقبوضہ کشمیر : گرفتاریوں کیخلاف ہڑتال‘ مظاہرے جاری‘ کل سے احتجاجی مہم شروع کرینگے : علی گیلانی

سرینگر (کے پی آئی)بارہمولہ اور بانڈی پورہ میں گرفتاریوں اورتوڑ پھوڑ کے خلاف وادی بھر میں اتوار کو بھی  ہڑتال اور احتجاج جاری رہا جس کے نتیجے میں معمول کی زندگی مفلوج رہی۔ بانڈی پورہ قصبے میں تیسرے روز بھی ہمہ گیر ہڑتال کے باعث کاروباری اور ٹرانسپورٹ سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ گئیں اور مجموعی طور پر سڑکیں سنسان اور بازار ویران نظر آئے۔نوپورہ چوک میںلوگوں کی ایک بڑی تعداد ، جن میں خواتین بھی شامل تھی ،نے دھرنا دیکر احتجاجی مظاہرے کئے۔ دوسری جانب حریت کانفرنس  (گ)  کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ چھاپوں اورگرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں 13مئی کے بعد احتجاجی مہم شروع کر دی جائے گی۔ گیلانی نے کہا کہ لوگوں نے الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرکے حکمرانوں کو بوکھلاہٹ کا شکار بنادیا اور کامیاب الیکشن بائیکاٹ کی وجہ سے حکمران طبقہ نے اپنی خفت مٹانے کے لئے انتقام گیری اور ظلم و جبر کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ پوری وادی کشمیر کوآگ و آہن کے حوالے کردیا گیا ہے۔گیلانی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کل تک چھاپوں، گرفتاریوں اور زیادتیوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو  لوگوں کے سامنے ایک جامع پروگرام رکھا جائے گا۔حریت چیئرمین نے واضح کیا کہ جموں کشمیر کے کسی حصے میں 13مئی تک کوئی ہڑتال نہیں رہے گی۔ انہوں نے لوگوں خاص طور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نظم وضبط اور ڈسپلن کا مظاہرہ کریں اور قیادت کی جانب سے دیئے جانے والے پروگراموں پر من وعن عمل کریں۔

ای پیپر-دی نیشن