• news

مانتے ہیں پنجاب میں دھاندلی ہوئی مگر جمہوریت کیلئے نظام چلنا چاہئے: قائم شاہ

حیدرآباد + کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کچھ لوگ گذشتہ سال آج ہی کے دن انتخابات میں دیے گئے عوامی فیصلے کی نفی کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ ملک کے کچھ حصوں خصوصاً پنجاب میں عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی تاہم عوام اور جمہوریت کیلئے نظام کو چلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی صورت میں نہیں چاہتے کہ جمہوریت، آئین اور آئینی اداروں کو کوئی خطرہ ہو۔ راہوکی تعلقہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ چار حلقوں میں دھاندلی کا کہہ رہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اس سلسلے میں عدالتوں سے رجوع کریں نا کہ پورے ملک کو تہس نہس کرنے کی کوششیں کریں۔ وہ اپنی کوشش میں کامیاب نہیں ہونگے اور ملک اور جمہوریت کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی آزاد اور شفاف الیکشن ہونگے پی پی پی ہی منتخب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی غریبوں، مزدوروں اور کسانوں کی جماعت ہے اور انہیں کبھی نہیں بھولتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 9سال سے زائد آمریت چلانے والے پرویز مشرف بڑی تعداد میں وکلاء کی خدمات لینے کے باوجود ملک سے بھاگنے میں کامیاب نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے جیسا بویا آج ویسا ہی کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں جنہوں نے پرویز مشرف کو الیکشن کرانے پر مجبور کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں لوڈ شیڈنگ زیادہ کی جا رہی ہے جس کی انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے بھی شکایت کی ہے اور انہوں نے بتایا کہ گاؤں میں اگر کچھ لوگ بجلی کے بل جمع نہ کرائیں تو پورے گاؤں کی بجلی کاٹ دی جاتی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان سے اس کا نوٹس لینے کا کہا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیا ت شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایک سال کے بعد انتخابات میں دھاندلی کا ڈھنڈورا پیٹ کر عمران خان 20-20میچ کھیلنا چاہتے ہیں جوکہ جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش ہے۔ عمران خان کسی خاص ایجنڈے کے تحت جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہے ہیں اور پی پی پی جمہوریت مخالف تمام جلسوں کی مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دوران پنجاب میں دھاندلی ہوئی تاہم پی پی پی سمجھتی ہے کہ جمہوریت کا پہیہ چلتا رہنا چاہیے اور جمہوریت پر کسی کو شب خون مارنے نہیں دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کو بجلی کی پیدا وار کا جائز حصہ ملنا چاہیے جوکہ صوبے کے عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری اکثر کسی خاص ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے آتے ہیں اور اس وقت بھی وہ جمہوریت کے نظام کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت کو اپنی آئینی مدت پوری کرنی چاہیے۔ دوسری طرف کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر تعلیم سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری اگلے انتخابات کا انتظا رکریں۔ 2013 میں ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا لیکن ہم نے دل پر پتھر رکھ کر نتیجہ قبول کیا تاکہ ادارے مضبوط ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی دھرنوں سے نہیں ووٹ سے آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن