• news

بجلی کا شارٹ فال 2 ہزار میگاواٹ رہ گیا، لوڈشیڈنگ میں کمی

اسلام آباد+لاہور (آن لائن+این این آئی) نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے مطابق ملک میں بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر دو ہزار میگاواٹ رہ گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیشنل ٹرانسمشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی پیداوار بڑھ کر بارہ ہزار دو سو میگاواٹ ہو گئی ہے جبکہ بجلی کی طلب چودہ ہزار دو سو میگاواٹ ہے اس طرح بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر دو ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے۔ شعبہ ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار تین ہزار سات سو میگاواٹ جبکہ شعبہ تھرمل سے ایک ہزار آٹھ سو تیس میگاواٹ ہے۔ آئی پی پیز سے چھ ہزار چھ سو ستر میگاواٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے۔ بجلی کی پیداوار بڑھنے سے لوڈشیڈنگ میں بھی کمی آگئی ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کا آڈٹ کرانے کا حکم دے دیا ہے، آڈٹ تھرڈ پارٹی کرے گی جس سے خامیوں کی نشاندہی ہو سکے گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر اسکے نتیجے میں این ٹی ڈی سی حکام کے خلاف بھی کارروائی کرنا پڑی تو کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں شیڈول لوڈ شیڈنگ کے لئے سختی سے ہدایات دی ہیں۔ پاور ہائوسز پوری صلاحیت سے چلائیں گے اور عوام کو ریلیف دینا اولین ترجیح ہے۔

ای پیپر-دی نیشن