• news

حکومت مدت پوری کرتی نظر نہیں آرہی، مڈٹرم الیکشن ہونگے: چودھری شجاعت

لاہور(خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرتی نظر نہیں آرہی۔ میرا خیال ہے کہ مڈٹرم الیکشن ہوں گے۔ ایک بیان میں انہوں نے طاہر القادری کے نظام کی تبدیلی اور تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے دھاندلی کے خلاف مشن کی مکمل حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا طاہر القادری نے عظیم الشان اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے نظام کی تبدیلی کے مشن کا اعلان کیا ہے جبکہ ہم آئین کے آرٹیکل 6 میں پھنسے ہوئے ہیں۔ طاہر القادری نے آئین پاکستان کے 30 سے زائد آرٹیکلز کا ذکر کیا جو کہ عوام کی فلاح و بہبود اور غریب عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق ہیں لیکن ان کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے جن آرٹیکلز کو درست طور پر نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے صرف نظام کی خرابیوں کی نشاندہی ہی نہیں کی بلکہ ان کا حل بھی تجویز کیا ہے۔ چودھری شجاعت نے مزید کہا عمران خان نے اسلام آباد میں بہت بڑے جلسے میں خطاب کرتے ہوئے جن چیزوں کی نشاندہی کی ہے ہم ان میں دھاندلی کے خلاف مشن کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اگر الیکشن کمیشن کی درستگی کیلئے کمیٹی بنائی گئی تو ہم اپنی تجاویز بھی دیں گے۔علاوہ ازیں چودھری شجاعت حسین سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے انکی پارٹی کے موقف کی حمایت پر اظہار تشکر کیا ہے۔ چودھری شجاعت اور مشاہد حسین سے جہانگیر ترین کی سربراہی میں تحریک انصاف کے وفد نے گذشتہ روز یہاں انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ وفد نے چودھری شجاعت کو عمران خان کا پیغام بھی پہنچایا جس میں کہا گیا ہے آئندہ اپوزیشن کا لائحہ عمل مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کیا جائیگا۔ ملاقات میں آئندہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
عمران/ اظہار تشکر

ای پیپر-دی نیشن