ملک دشمن عناصر کے دھرنے خوشحالی کی راہ سے نہیں روک سکتے: وزیراعظم
فیصل آباد (آن لائن) وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ دھرنوں کی سیاست کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں‘ پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے ہر سطح پر جائیں گے بہت جلد قوم کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائیں گے۔ وہ تہران سے ٹیلیفون پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چودھری شیر علی کے ساتھ خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرنا ہمارا مشن ہے۔ ملک دشمن عناصر کے دھرنے ہمیں اس سے روک نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ لیگی کارکن بھی متحرک ہو جائیں اور پاکستان دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے سرگرمیاں تیز کر دیں۔ میاں نواز شریف نے چودھری شیر علی کے ساتھ خصوصی طور پر فیصل آباد کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور نواز شریف نے چودھری شیر علی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’چوہدری صاحب‘‘ کارکنوں کو متحرک کرنے کے لئے آپ کا فعال ہونا بے حد ضروری ہے جس پر چودھری شیر علی نے کہا مسلم لیگی کارکن ہر طرح سے متحرک ہیں، صرف آپ کی ایک کال کی ضرورت ہے۔ ہمارے کارکن وطن عزیز کی سلامتی کیلئے اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے۔