تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف اتحاد کے لئے کمیٹی بنا دی، آج چودھری برادران سے ملاقات ہو گی، عمران کا شجاعت، پرویز الہی سے رابطہ، ملکر چلنے کی خواہش کا اظہار
لاہور +اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ آئی این پی)تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف وسیع تر اتحاد کے قیام اور انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کیلئے پارٹی کے صدر جاوید ہاشمی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی‘ کمیٹی میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین شامل ہیں۔ تین رکنی کمیٹی (آج) اپنی پہلی ملاقات (ق) لیگ کے صدر شجاعت حسین اور پرویز الٰہی سے کرے گی جس میں ملکی سیاسی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔ منگل کو (ق) لیگی رہنمائوں اور عمران خان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں جانب سے مل کر چلنے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ تحریک انصاف کی اعلیٰ سطحی تین رکنی کمیٹی ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سے بھی آئندہ 48گھنٹوں میںملاقاتیں کریگی۔ ذرائع کے مطابق خورشید شاہ سے ملاقات (آج) بدھ کی شام متوقع ہے۔ سیاسی حلقوں نے موجودہ صورتحال میں اس پیش رفت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس کے نتیجے میں حکومت کے خلاف ایک بڑا اتحاد بھی قائم ہوسکتا ہے۔ عمران خان اور چودھری برادران کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ کے دوران دونوں جماعتوں نے عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا جبکہ تحریک انصاف کو کمیٹی (آج)چودھری برادران سے ملاقات میں آئندہ کے معاملات کو حتمی شکل دے گی۔ ٹیلی فون رابطے کے دوران عمران خان کاکہنا تھا ہم انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف ان تمام جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا چاہتے ہیں جو دھاندلی کے خلاف ہیںاور ہم کوشش کریںگے احتجاج کے ذریعے حکومت پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کی انکوائری کرائے اور جو بھی لوگ ذمہ دارہیں ان کو سزا دی جائے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی قائم کردہ سہ رکنی کمیٹی آج اسلام آباد میں ملاقات کرے گی۔ ذرائع نے بتایا تحریک انصاف کا وفد چودھری برادران کو فیصل آباد سمیت تحریک انصاف کے جلسوں میں شرکت کی دعوت دے گا۔ دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان وسیع تر سیاسی اتحاد کے حوالے سے گفتگو بھی متوقع ہے۔مزید برآں چودھری شجاعت حسین نے پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عمران خان کے موقف کے حامی ہیں، الیکشن کمشن کی تشکیل نو ہونی چاہئے، تحریک انصاف کا جلسہ انتہائی کامیاب رہا، حکومت الطاف حسین کو فوری طور پر شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کرے، ریاستی معاملات میں میڈیا ذمہ دارانہ صحافت کرے، اپنے دور حکومت میں مطالبہ کیا تھا میڈیا کو قواعد و ضوابط کا پابند بنایا جائے، اس میں کوئی شک نہیں ایک میڈیا ہائوس نے 8 گھنٹے تک ریاست مخالف سیاست کی۔ انہوں نے کہا ماضی میں 2 چیف الیکشن کمشنرز مستعفی ہو چکے ہیں، اب بھی الیکشن کمشن کے ممبران مستعفی ہوں گے تو یہ کوئی نئی بات نہیں ہو گی، ملک میں صاف شفاف انتخابات کے لئے الیکشن کمشن کی تشکیل نو ضروری ہے۔