ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے جان لیں خدمت کا سفر نہیں رکے گا: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں لانے کیلئے تیزرفتاری سے توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کا آغاز کر دیا ہے اور وہ وقت دور نہیں جب انشاء اﷲ قوم کو توانائی کے بحران سے نجات ملے گی۔ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے منصوبوں کی بلاوجہ مخالفت کرنے والوں اور ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے والوںکو جان لینا چاہئے کہ عوامی خدمت کا یہ سفر اب نہیں رکے گا بلکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو مسائل کے گرداب سے نکال کر صحیح معنوں میں فلاحی ریاست بنا کر دم لے گی۔ وہ گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ا رکان اسمبلی، مسلم لیگی عہدیداروں اور کارکنوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ شہبازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور قیادت عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کرے گی۔ عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور کسی صورت انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے توانائی بحران سمیت ملک و قوم کو درپیش دیگر مسائل کے بارے میں غفلت کی چادر اوڑھے رکھی اور عوام کے مسائل کو نظرانداز کر کے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔ ماضی کے حکمرانوں نے عوام کی تکالیف کے ازالے کی بجائے ملک میں لوٹ مار، کرپشن اور اقربا پروری کا بازار گرم کیے رکھا۔ میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں ۔ سابق حکمرانوں کی بدترین غفلت اور ناقص پالیسیوں کے باعث توانائی کا بحران سنگین ہوا ہے، اگر ماضی کی حکومت توانائی بحران پر توجہ دیتی تو آج معیشت، زراعت اور صنعت کو ناقابل تلافی نقصان نہ پہنچتا۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے عوام کو بجلی کے اندھیروں سے نکالنے کا جو وعدہ کیا تھا اسے ہر حال میں پورا کریں گے۔ وفاقی حکومت ملک بھر میں توانائی کے متعدد منصوبوں پر کام کرر ہی ہے۔ پنجاب حکومت بھی بجلی پیدا کرنے کے بڑے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ بہاولپور میں ملک کے پہلے سولر پاور پارک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ہے اس منصوبے سے سورج کی شعاعوں کے ذریعے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کے حصول کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ پہلے مرحلے میں سو میگاواٹ بجلی کی پیداوار دسمبر 2014 میں شروع ہو جائے گی۔ اسی طرح ساہیوال میں کوئلے سے 1320میگا واٹ بجلی کے حصول کے منصوبے پر بھی اسی ماہ کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ غربت و بیروز گاری کے مسئلے پر قابو پانے، تجارتی و معاشی سرگرمیوں کے فروغ، صنعتکاری کے عمل کو مضبوط بنانے اور قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے توانائی بحران کا جلد خاتمہ بے حد ضروری ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر توانائی بحران سے نمٹنے کے لئے دن رات ایک کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا منشور اور سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے۔ گزشتہ چھ برسوں سے دیانتداری اور محنت سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور جب تک جسم اور روح کا رشتہ برقرار ہے عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔ ترقی کے لحاظ سے پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیںگے۔ ارکان اسمبلی مسلم لیگی عہدیداران اور کارکنوں کے وفد نے توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے حکومتی کاوشوں پر پارٹی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے توانائی کا بحران حل کرنے کا عزم کیا ہوا ہے۔ پنجاب میں کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔ مختلف شعبوں کی ترقی میں عالمی بنک کا تعاون لائق تحسین ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کو تمام ترسہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ کنٹری ڈائریکٹر عالمی بنک راشد بن مسعودنے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پاکستان اقتصادی بحالی، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز چین کے توانائی سیکٹر کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے چینی وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی کے منصوبوں پر تیزرفتاری سے کام کررہی ہے اور دوست ملک چین کے تعاو ن سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی گھروں کی تعمیر کے منصوبوں کو کوئی لمحہ ضائع کیے بغیر آگے بڑھایا جائے گا۔ توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔